اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں علاقائی صورتحال، معاشی اثرات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔گفتگو کے دوران یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی اور استحکام کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل اور قابلِ ستائش ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، مذاکرات کی بحالی اور روابط کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں پاک یورپی یونین بزنس فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں گے۔
گفتگو میں عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی اثرات پر بھی بات چیت کی گئی اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔