Get Alerts

جماعت اسلامی کی حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے 6 تجاویز، مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو ہوگا

جماعت اسلامی کی حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے 6 تجاویز، مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو ہوگا

اسلام آباد:حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا، جس میں جماعت اسلامی نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے چھ تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالے کردیں۔

 وفاقی وزیر احسن اقبال نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور اس سے تجاویز مانگی تھیں۔ حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام پر بوجھ پڑے، تاہم بعض معاملات میں حکومت مجبور ہوتی ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشتیں ایران، امریکا جنگ سے متاثر ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا حکومت جائزہ لے گی، جبکہ کوئی تجویز ناقابلِ عمل ہوئی تو اس سے جماعت اسلامی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

 وفاقی وزیر کے مطابق متعلقہ اداروں کی رائے لینے کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ دور جمعرات کو ہوگا۔

 نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ہم نے اپنی تمام تجاویز حکومتی ٹیم کے حوالے کردی ہیں اور حکومتی ٹیم کے سامنے تمام معاملات رکھے ہیں۔

 لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت کو بتایا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے باعث معیشت متاثر ہورہی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر 80 روپے براہِ راست پٹرولیم لیوی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بنیادی چیز عوام کو ریلیف دینا ہے، حکمران اپنے اخراجات میں کمی کریں۔ ایسی گنجائش موجود ہے جس سے عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔

 نائب امیر جماعت اسلامی نے توقع ظاہر کی کہ حکومت تین روز میں تجاویز کا جائزہ لے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔

ٹیگز: