عدت کے دوران نکاح کا الزام، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی

عدت کے دوران نکاح کا الزام، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی

 اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے  عدت کے دوران نکاح کے الزام پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی ۔

سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ کے روبرو اسلام آباد کے شہری محمد حنیف کی شکایت پر  عدالت میں سماعت ہوئی ، جس میں   جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ مفتی سعید بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ساڑھے دس بجے آئیں گے، جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔

ابتدائی سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ عدت میں نکاح کیا۔ عدت میں نکاح گناہ بھی ہے اور قانوناً جرم بھی، لہٰذا عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

درخواست گزار نے گزشتہ سماعت پر  عدالت میں ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا اور لاہور میں پڑھائے گئے نکاح کی کاپی بھی  درخواست کے ساتھ منسلک  کی ۔ جب کہ نکاح عدت کے دوران ہونے سے  متعلق مفتی سعید کے بیان کا حوالہ بھی درخواست میں موجود ہے۔

 وقفہ کے بعد سماعت دوبارہ   شروع ہو نے پر  گواہ مفتی سعید کے عمرہ کی غرض سے ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔ درخواست گزار کے وکیل  نے عدالت سے  آئندہ کی تاریخ مقرر  کرنے کی استدعا کی ، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی۔

مصنف کے بارے میں