کراچی : ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے اعلان اور پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کی لہر دوڑ گئی۔ مارکیٹ نے آغاز ہوتے ہی تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے، جس کے باعث ٹریڈنگ کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور کے ایس ای (KSE) 100 انڈیکس میں 12 ہزار 920 پوائنٹس کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس تاریخی اضافے کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 64 ہزار 594 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں تیزی کا رجحان اس قدر شدید تھا کہ انڈیکس میں بڑے اضافے کے باعث 'انڈیکس ہالٹ' (Index Halt) نافذ کرنا پڑا اور مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام مارکیٹ کو متوازن رکھنے کے لیے اٹھایا گیا۔
ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے سے عالمی اور علاقائی سطح پر معاشی استحکام کی امید پیدا ہوئی۔