Get Alerts

پاکستان کو دنیا نے بااعتماد ثالث تسلیم کر لیا، مودی فارغ ہو گیا: خواجہ آصف

پاکستان کو دنیا نے بااعتماد ثالث تسلیم کر لیا، مودی فارغ ہو گیا: خواجہ آصف

اسلام آباد :وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سفارت کاری کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے اور آج پوری دنیا بشمول عالمی طاقتیں پاکستان کو ایک بااعتماد ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان ایک بہت بڑی عالمی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، جو ہماری خارجہ پالیسی کی بڑی جیت ہے۔
وزیر دفاع نے سول اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کو ان کامیابیوں کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا  سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے گزشتہ دو تین سالوں میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ جب ریاست کے طاقتور مراکز مل کر کام کرتے ہیں، تو پاکستان عالمی سطح پر ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے۔
بھارت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی ان کامیابیوں نے بھارتی قیادت کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ "مودی اب فارغ ہو چکا ہے، اس کے پاس کچھ نہیں رہا اور بھارتی میڈیا اب اس کامیابی پر صرف تڑپتا ہی رہے گا۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی ہے اور بھارت اب تک اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے سخت لہجہ اختیار کیا اور کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی برسوں کی میزبانی کا خیال کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کیا تو پاکستان کے پاس سخت فیصلے کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچے گا۔

ٹیگز: