لاہور: ملک کی ممتاز کاروباری شخصیت ایس ایم تنویر نے عالمی سطح پر کشیدگی کم کروانے اور کامیاب سفارت کاری پر حکومت اور عسکری قیادت کے مشترکہ کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
ایس ایم تنویر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے کیے گئے اقدامات نے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کیا ہے بلکہ ممکنہ جنگی خطرات کو ٹالنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہافیلڈ مارشل نے اپنی حکمتِ عملی سے پوری تہذیب اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچایا، جو کہ ایک عظیم تاریخی کارنامہ ہے۔
کاروباری برادری کے رہنما کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز کی جائے۔ ان کے مطابق پاکستان کو معاشی طور پر "ایشیا کا ٹائیگر" بنانے کے لیے عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زراعت، آئی ٹی اور صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فوری طور پر قومی صنعتی پالیسی نافذ کی جائے۔
ایس ایم تنویر نے زور دیا کہ معاشی ترقی کے لیے صنعتوں کا فروغ اور ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ اگر زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات لائی گئیں تو پاکستان بہت جلد عالمی معیشت میں اپنا نمایاں مقام حاصل کر لے گا۔