انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے دی
کیپشن: مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لندن: میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف ملاتھا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے دوبارہ شروع کی اور آخری دو وکٹوں نے 32 قیمتی رنز جوڑے۔

دن کے آغاز میں ہی یاسر شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 158 رنز کے مجموعے پر وہ 33 قیمتی رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیورٹ براڈ نے 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے شان مسعود کے شاندار 156 رنز اور بابراعظم کے 69 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس طرح پاکستان کو انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔