لاہور: ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو نہ صرف سنا بلکہ ان پر فوری عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کے ساتھ دو سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں تاجر برادری کو درپیش چیلنجز پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس لیڈرشپ نے متحد ہو کر بھرپور انداز میں تاجر برادری کا مقدمہ پیش کیا۔
ایس ایم تنویر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل کی جانب سے یہ فیصلہ کہ کسی بھی تاجر کی گرفتاری سے پہلے متعلقہ چیمبر کے صدر کی منظوری ضروری ہوگی، ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری 26 جون سے مسلسل جدوجہد میں ہے اور اب اس جدوجہد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پر 50 فیصد ٹیرف نافذ ہونے کے بعد پاکستان کے لیے برآمدات بڑھانے کا نایاب موقع ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمت اور شرح سود میں کمی کی جائے تاکہ صنعتی شعبہ ترقی کرے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی فیلڈ مارشل کی ممنون ہے اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ "اللہ تعالیٰ فیلڈ مارشل کو لمبی عمر دے، اُن کی وجہ سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا ہے،" انہوں نے کہا۔