Get Alerts

پی ٹی اے کا eSIM صارفین کیلئے بڑا ریلیف، فیس کم کردی گئی

پی ٹی اے کا eSIM صارفین کیلئے بڑا ریلیف، فیس کم کردی گئی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں eSIM کے استعمال کو عام کرنے کے لیے نئی سہولیات متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق eSIM جاری کرنے اور موجودہ روایتی SIM کو eSIM میں تبدیل کرنے کے لیے فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 1,500 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ یہ نئی فیس پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ ہوگی۔

اتھارٹی نے صارفین کو ایک اور سہولت دیتے ہوئے eSIM پروفائل کو ایک موبائل ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں 10 مرتبہ بلا معاوضہ منتقل کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد موبائل فون تبدیل کرنے والے صارفین کے لیے eSIM کے استعمال کو زیادہ آسان بنانا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق نئی فیس اور مفت eSIM پروفائل منتقلی کی سہولت 17 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ eSIM کی فیس میں کمی اور مفت منتقلی کی تعداد بڑھانے کا مقصد جدید موبائل ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچانا اور ملک میں eSIM کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین کو جدید ڈیجیٹل سہولتوں تک آسان رسائی دینے اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

eSIM کے بڑھتے ہوئے استعمال سے صارفین کے لیے موبائل ڈیوائس تبدیل کرتے وقت سم منتقل کرنے کا عمل مزید سہل ہونے کی توقع ہے، جبکہ روایتی سم کے مقابلے میں جدید موبائل سہولتوں سے فائدہ اٹھانا بھی آسان ہوگا۔

پی ٹی اے نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی فیس اور مفت eSIM منتقلی کی اضافی سہولت کے نتیجے میں ملک میں eSIM اپنانے کا رجحان مزید تیز ہوگا۔

ٹیگز: