نیویارک: پاکستان نے جنوبی سوڈان میں بگڑتی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری اور مستقل جنگ بندی پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں جمہوری انتقالِ اقتدار کی کامیابی کے لیے آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے، تاہم انتخابات کے لیے درکار سیاسی، قانونی، سکیورٹی اور مالی تقاضے تاحال مکمل نہیں کیے جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس خلا کو فوری طور پر پُر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جمہوری انتقالِ اقتدار کا عمل کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ پاکستانی مندوب نے جنوبی سوڈان کے جونگلے، اپر نیل اور دیگر علاقوں میں جاری جھڑپوں، بین القبائلی تشدد اور بڑھتی سیاسی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
عاصم افتخار احمد نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں اور تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی طرف واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والے انسانی اور دیگر اثرات بھی باعثِ تشویش ہیں۔
پاکستانی مندوب نے جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشن شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی، مقامی سطح پر مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کی بروقت روک تھام میں اہم ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اقوام متحدہ کے مشن میں 9 ہزار 176 فوجی اہلکار تعینات ہیں جبکہ منظور شدہ تعداد 12 ہزار 500 ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مشن کی منظور شدہ فوجی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جانا چاہیے۔