Get Alerts

بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے 12 دہشت گرد گرفتار ، بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد برآمد ،سی ٹی ڈی پنجاب

 بھارتی خفیہ ایجنسی

لاہور :  پنجاب کی کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ای ڈی بم اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد حساس مقامات اور اداروں کی تصاویر، ویڈیوز اور لوکیشنیں بھی اپنے ساتھ رکھتے تھے، جو ان کے دہشت گردانہ منصوبوں کا حصہ تھیں۔

گرفتار دہشت گردوں میں فیصل آباد، لاہور اور بہاولپور کے رہائشی شامل ہیں۔ لاہور سے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل ابرار اور عثمان سرفراز شامل ہیں، جب کہ فیصل آباد سے دانش کو بھی پکڑا گیا۔ بہاولپور سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف گرفتار ہوئے ہیں۔ ان دہشت گردوں کو مختلف حساس مقامات پر حملے اور مذہبی منافرت پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

حکام نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں، ویڈیوز اور لوکیشنیں بھی برآمد ہوئیں، جس سے ان کی منصوبہ بندی کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوئیں۔ سی ٹی ڈی نے ان دہشت گردوں کو ایک بھارتی فیس بک آئی ڈی "عادل" کی مدد سے گرفتار کیا، جو بھارت میں "را" کی آپریشنل سرگرمیوں میں ملوث تھی۔

یہ دہشت گرد بھارتی ایجنسی "را" سے بھاری فنڈنگ حاصل کر رہے تھے تاکہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا سکیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی بم، 7 ڈیٹونیٹر، 102 فٹ حفاظتی فیوز وائر، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی نے ان دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔

ٹیگز: