کوئٹہ: جسٹس محمد کامران ملاخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ان سے چیف جسٹس کے منصب کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور بار کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا دوسرا اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں تین سینئر ججز کے نام زیر غور آئے تھے: جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی۔ وسیع مشاورت کے بعد جوڈیشل کمیشن نے جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دی تھی۔