کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد جنید غفار کی بیرونِ ملک روانگی کے بعد عدالت عالیہ کے سینئر جج جسٹس ظفر احمد راجپوت نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی پروقار تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس ظفر احمد راجپوت سے حلف لیا۔ اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے معزز ججز، بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سینئر وکلا اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔
تقریب میں وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، سینئر سیاسی رہنما انیس قائم خانی اور فاروق ستار نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس جنید غفار کی واپسی تک سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔