راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز،پاکستان کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز،پاکستان کی بیٹنگ جاری

 
راولپنڈی:بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بیٹنگ جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سلامی بلے باز عابد علی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے ہیں۔ عابد علی جب آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کا مجموعی سکور بھی صفر تھا۔

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ مہمان ٹیم پہلے دن 233 رنز بنا آؤٹ ہو گئی تھی اور محمد متھن 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

حریف ٹیم کے سلامی بلے باز تمیم اقبال اور سیف حسن شاہین شاہ اور محمد عباس کی نپی تلی گیند بازی کے آگے ڈھیر ہو گئے۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان مومن الحق اور نجم الحسین شانتو کے مابین 59 رنز کا شراکت داری قائم ہوئی تاہم شاہین شاہ کی باہر جاتی ہوئی گیند پر مومن الحق 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

نجم الحسین شانتو 44 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔بنگلہ دیش کے دیگر بلے باز بھی پاکستان کے خلاف متاثر کن کھیل پیش نہ کرسکے اور پوری ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو دو اور نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

یاسر شاہ 22 اوورز میں تراسی رنز کے عوض کوئی وکٹ نہ لے پائے اور سب سے مہنگے باولر رہے۔