Get Alerts

پاک بھارت میچ پر ڈیڈ لاک: آئی سی سی کا اعلیٰ سطح کا وفد آج لاہور پہنچے گا

پاک بھارت میچ پر ڈیڈ لاک: آئی سی سی کا اعلیٰ سطح کا وفد آج لاہور پہنچے گا

لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ سے متعلق آج بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا ایک خصوصی وفد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو منانے کے لیے آج لاہور پہنچ رہا ہے، جہاں پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اہم مشاورت کی جائے گی۔

آئی سی سی کا وفد ڈپٹی چیئرمین کی سربراہی میں آج شام 4 بجے لاہور پہنچے گا۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا پاکستان کے تحفظات دور کرنا اور اسے میگا ایونٹ میں بھارت کے خلاف کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے فیصلے نے آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کے لیے ایک بڑی تشویش پیدا کر دی ہے۔اس اہم ترین موقع پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیئرمین امین الاسلام بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ وہ یہاں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ امین الاسلام کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات بھی شیڈول ہے، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت کرکٹ کے دیگر اہم باہمی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں پاک بھارت میچ کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ آئی سی سی کا وفد اور بی سی بی صدر اجلاس کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد آج ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اب لاہور میں ہونے والی اس ملاقات کے نتائج پر لگی ہوئی ہیں۔

ٹیگز: