نئی دہلی/اسلام آباد : بھارت کے معروف سیاستدان اور سابق سفارتکار ششی تھرور نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں "خود فریبی" ثابت ہوئی ہیں۔مشہور بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' میں شائع ہونے والے اپنے تازہ کالم میں ششی تھرور نے لکھا ہے کہ پاکستان سے بات چیت کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب ادھورا ہے۔ ان کے مطابق بھارت کا ایک بڑا اور سنجیدہ فکر رکھنے والا طبقہ پاکستان کے ساتھ بامقصد مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے اور بات چیت کے دروازے بند کرنے کی پالیسی اب اپنی اہمیت کھو چکی ہے اور بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ششی تھرور نے اپنے کالم میں اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاکستان مخالف بیانیے کو اب خود بھارت کے اندر سے سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی "تصادم پر مبنی سیاست" نے نہ صرف جنوبی ایشیا کو غیر محفوظ بنا دیا ہے بلکہ خود بھارت کے اپنے مفادات کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
کالم میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دشمنی کو برقرار رکھنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ بھارتی سیاستدان نے واضح کیا کہ خطے کی ترقی اور سلامتی کے لیے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی ناگزیر ہے، اور تصادم کی جگہ سفارت کاری کو موقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔