اسلام آباد/انقرہ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کے حالیہ واقعے سمیت دوطرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ترک وزیر خارجہ حکان فدان نے اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے المناک دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ترکیہ اس مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترک قیادت اور عوام کی جانب سے دکھ کے اس موقع پر یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے غیر متزلزل عزم رکھتا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ برادرانہ اور تاریخی ہیں، جو ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔