Get Alerts

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ترک ہم منصب سے رابطہ ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ترک ہم منصب سے رابطہ ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

اسلام آباد :  نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مکمل فوجی قبضے کے منصوبے کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ غزہ میں فوری اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور اسرائیلی کارروائیوں میں دی جانے والی استثنا کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران کے حل کے لیے عالمی برادری کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

دفتر خارجہ کے مطابق، رابطے میں دو طرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اپنا مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو دفاع، تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک عالمی سطح پر اکثر ہم آہنگ موقف اپناتے ہیں اور مسلم دنیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رہتے ہیں۔

ٹیگز: