Get Alerts

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، قطر پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، قطر پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد / انقرہ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے قطر پر اسرائیل کے بلا اشتعال اور بلا جواز حملوں کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ عالمی برادری، خاص طور پر مسلم ممالک، فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کریں۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

قبل ازیں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ایک بار پھر یہاں جمع ہوئے ہیں تاکہ ایک اور غیر قانونی اسرائیلی حملے پر غور کر سکیں، جو ایک برادر اور خودمختار ریاست پر کیا گیا ہے۔"

وزیر خارجہ نے اس موقع پر یہ تجویز بھی پیش کی کہ اسرائیل کے عزائم کی نگرانی اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کو روکنے کے لیے ایک عرب اسلامی ٹاسک فورس قائم کی جائے۔

ٹیگز: