Get Alerts

ریاض عالمی دفاعی نمائش کا آغاز: ’فتح 2‘ سمیت پاکستانی دفاعی مصنوعات کی دھوم

ریاض عالمی دفاعی نمائش کا آغاز: ’فتح 2‘ سمیت پاکستانی دفاعی مصنوعات کی دھوم

ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2026 (World Defense Show) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے 80 ممالک اپنی جدید ترین عسکری طاقت اور دفاعی ساز و سامان کے ساتھ شریک ہیں۔
اس عالمی فورم پر پاکستان کی نمائندگی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS)، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) جیسے بڑے ادارے کر رہے ہیں۔ نمائش میں پاکستان کا تیار کردہ جدید ترین ’فتح 2‘ (Fatah-II) میزائل سسٹم شرکاء اور عالمی دفاعی ماہرین کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یہ میزائل سسٹم اپنی جدید ٹیکنالوجی اور دشمن کے دفاعی حصار کو توڑنے کی بھرپور صلاحیت کے باعث خطے میں پاکستانی دفاعی لائن کو مزید مستحکم کرنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو ایک نئی اور مستحکم سمت عطا کی ہے۔
ماہرین کے مطابق، ریاض دفاعی نمائش میں پاکستان کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک اب دفاعی پیداوار میں خود کفالت کی منزل کے قریب ہے۔ ’فتح 2‘ اور دیگر میزائلوں کی نمائش سے نہ صرف پاکستان کی عسکری برتری واضح ہوتی ہے بلکہ عالمی سطح پر دفاعی مصنوعات کی برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

ٹیگز: