ریاض ؒریاض سعودی عرب میں جاری 'ورلڈ ڈیفنس شو' میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا مان لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کا فخر جے ایف-17 تھنڈر نمائش میں شرکاء اور عالمی دفاعی ماہرین کی توجہ کا محور بن گیا ہے۔
پاکستان نے اس عالمی پلیٹ فارم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2026' (IDEAS 2026) کی باقاعدہ لانچنگ کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی برادری کو نومبر میں کراچی میں منعقد ہونے والی نمائش کی دعوت دینا اور پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کی اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی تربیت اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے امور زیرِ بحث آئے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی ساز و سامان کی مشترکہ تیاری (Joint Production) کے حوالے سے اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، جو خطے کی سکیورٹی صورتحال میں کلیدی حیثیت رکھیں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، ورلڈ ڈیفنس شو میں پاکستان کی بھرپور شرکت اور سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ معاہدے اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ممالک اب محض خریدار اور فروخت کنندہ نہیں بلکہ دفاعی پیداوار میں شراکت دار بننے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔