ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مجتبیٰ خامنہ ای کے بطور ایرانی سپریم لیڈر انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
روسی صدر نے مجتبیٰ خامنہ ای کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجھے پختہ یقین ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کے مشن کو پوری توانا ئی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
صدر پیوٹن نے امید ظاہر کی کہ نئے سپریم لیڈر موجودہ مشکل حالات میں ایرانی عوام کو متحد رکھنے میں کامیاب ہوں گے۔عالمی سیاسی منظرنامے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں صدر پیوٹن نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ روس ہر محاذ پر ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا سلسلہ نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اس میں مزید وسعت لائی جائے گی۔
سیاسی ماہرین صدر پیوٹن کے اس فوری ردِعمل کو روس اور ایران کے درمیان بننے والے مضبوط دفاعی اور سیاسی اتحاد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ ایران میں قیادت کی یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطہ جنگ اور معاشی چیلنجز کی زد میں ہے، اور روس کا یہ پیغام تہران کے لیے عالمی سطح پر بڑی سفارتی حمایت تصور کیا جا رہا ہے۔