Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط: منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور مکمل یکجہتی کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کا ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط: منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے نام ایک تہنیتی خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے پاکستانی عوام شدید صدمے میں ہیں۔ انہوں نے ایرانی قیادت، برادر عوام اور امتِ مسلمہ کے لیے پاکستان کی جانب سے تعزیت اور دعاؤں کا پیغام بھیجا۔ شہباز شریف نے تاکید کی کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
خط کے متن کے مطابق، وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاامید ہے کہ آپ کی قیادت آنے والے برسوں میں ایران کو امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔انہوں نے نئے سپریم لیڈر کی صحت، کامیابی اور ایرانی عوام کی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے مفاد میں تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور ایران کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ یہ سفارتی پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اپنے خاندان کے ارکان سمیت شہید ہو گئے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیل کی جانب سے نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کے دھمکی آمیز بیانات سامنے آئے ہیں، جس سے خطے میں تناؤ کی صورتحال برقرار ہے۔

ٹیگز: