کوئٹہ میں نصب عبدالستار ایدھی کے مجسمے کا افتتاح کردیا گیا

Abdul Sattar Edhi

کوئٹہ :معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی پانچویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں نصب ایدھی کے مجسمے کا افتتاح کر دیا گیا۔

کوئٹہ میں نصب عبدالستار ایدھی کے مجسمے کا افتتاح کردیا گیا، مجسمے کا افتتاح عبدالستار ایدی کے بیٹے فیصل ایدھی نے کیا،تقریب میں وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے بھی شرکت کی۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ بلوچستان کی عوام عبد الستار ایدھی سے بے پناہ محبت کرتے تھے، عبدالستار ایدھی نے کسی بھی مشکل گھڑی میں بلوچستان کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑا،ہم سب مل کر انکے مشن کو آگے بڑھائیں گے اوردکھی انسانیت کی خدمت جاری رہے گی ۔

انسانیت کی خدمت کے لئے زندگی وقف کرنے والے سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 5 برس بیت گئے ۔ 

 عبدالستارایدھی 28 فروری 1928 میں بھارت کی ریاست گجرات کے شہربانٹوا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 11 برس کی عمر میں اپنی ماں کی دیکھ بھال کا کام سنبھالاجو ذیابیطس میں مبتلا تھیں، صرف 5 ہزارروپے سے اپنے پہلے فلاحی مرکز ایدھی فانڈیشن کی بنیاد ڈالی، لاوارث بچوں کے سرپردستِ شفقت رکھا اور بے سہارا خواتین اور بزرگوں کے لیے مراکز قائم کیے۔

عبدالستار ایدھی دنیا سے چلے گئے  لیکن نوجوانوں کیلئے یہ پیغام چھوڑگئے کہ کبھی بھی لوگوں کی مدد کیلئے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے۔