کراچی : لیاری کے علاقے بغدادی میں 4 جولائی کو پیش آنے والے افسوسناک عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ واقعے میں 27 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین کمشنر کراچی حسن نقوی ہوں گے۔ کمیٹی میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید، ڈائریکٹر کمپلینٹ ندیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آصف علی لانگا سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی عمارت کے گرنے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی، اور اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ واقعے میں گرنے والی عمارت خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث متعدد خاندان متاثر ہوئے۔ ریسکیو اداروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔
حکومتی ترجمان کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔