اٹلانٹا: فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے اختتامی لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی مصری ٹیم کا سفر اختتام کو پہنچ گیا۔
امریکی شہر اٹلانٹا میں ہونے والے اس دلچسپ میچ میں محمد صلاح کی قیادت میں مصر نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور ارجنٹائن کے دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ میچ کے 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے گیند کو جال میں پہنچا کر مصر کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
ارجنٹینا کو 21ویں منٹ میں پنالٹی کی صورت میں برابری کا بہترین موقع ملا، لیکن لیونل میسی کی زور دار شاٹ کو مصری گول کیپر نے عمدہ انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی سبقت برقرار رکھی۔
وقفے کے بعد بھی مصر نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے دوسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری 2-0 کر دی، جس سے یہ تاثر پیدا ہونے لگا کہ مصر ایک بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
تاہم دفاعی چیمپئن نے میچ کے آخری لمحات میں زبردست کم بیک کیا۔ 79ویں منٹ میں رومیرو نے گول کرکے خسارہ کم کیا، جبکہ چار منٹ بعد 83ویں منٹ میں لیونل میسی نے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
انجری ٹائم میں اینزو فرنینڈس نے فیصلہ کن گول داغ کر ارجنٹینا کو 3-2 کی یادگار فتح دلا دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جہاں اس کا سامنا سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔