کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والی K2 ایئرویز کی ایک کارگو پرواز اچانک فضائی کنٹرول سے رابطے سے باہر ہوگئی، جس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بوئنگ 737 مال بردار طیارہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغربی سمت میں پرواز کے دوران لاپتہ ہوا۔ حکام نے بتایا کہ رابطہ منقطع ہونے سے کچھ دیر قبل طیارے کے عملے نے نیوی گیشن سسٹم میں فنی خرابی کی اطلاع دی تھی، جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر نے فوری تکنیکی معاونت اور رہنمائی فراہم کی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ریڈار پر طیارے کی بلندی میں تیزی سے کمی اور اس کے روٹ میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی، جس کے فوراً بعد اس سے تمام مواصلاتی رابطہ ختم ہوگیا۔
لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے سمندری حدود میں وسیع سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق K2 ایئرویز کی اس کارگو پرواز میں عملے کے پانچ افراد موجود تھے۔ حکام نے بتایا کہ طیارے اور اس میں سوار عملے کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ صورتحال سے متعلق مزید معلومات دستیاب ہوتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔