کراچی: سیرین ایئر کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی، جس پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
کپتان نے مہارت سے طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر محفوظ طریقے سے اتارا۔ طیارے میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے، جن میں زیادہ تر عمرہ زائرین شامل تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ طیارے کی جانچ کے دوران ایندھن لیک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے انسپکٹرز نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ایئرلائن کے انجینئرز بھی طیارے کی مرمت کے لیے کام کر رہے ہیں۔