کراچی : کراچی سے جدہ جانے والی سعودی ایئر کی ایک پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ پرواز میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے، جو خوش قسمتی سے بحفاظت ہیں۔
ذرائع کے مطابق طیارہ جیسے ہی کراچی سے روانہ ہوا، اس کے کپتان کو چند منٹ بعد انجن میں تکنیکی خرابی کا سامنا ہوا۔ کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) سے رابطہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پرواز کے سسٹمز میں انجن میں آگ لگنے کی وارننگ موصول ہوئی تھی، جس پر اے ٹی سی نے فوری طور پر رن وے 25 ایل کو دیگر پروازوں سے خالی کروا کر سعودی ایئر کی پرواز کو بحفاظت لینڈ کروایا۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ پر موجود انجینئرنگ ٹیم کو طیارے کی تکنیکی جانچ کے لیے طلب کر لیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مسافروں کو ایئرپورٹ پر فوری سہولیات فراہم کی گئیں، اور متبادل پرواز کے انتظامات پر غور جاری ہے۔ سعودی ایئر کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔