Get Alerts

سرحد پار دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلیں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

سرحد پار دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلیں گے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگیں سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی دشمن ایجنسیوں کی سرگرمیوں سے مکمل آگاہ ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دشمن کی پراکسیز کو ملکی سلامتی اور معاشی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے مطابق اپنی صلاحیتوں، حکمت عملی اور تیاری کو مسلسل بہتر بنا رہی ہیں۔

انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گریجویٹنگ افسران کو تلقین کی کہ وہ دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا شعار بنائیں۔

ٹیگز: