آستانہ: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے ترک صدر طیب اردوان نے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے، جس میں قطر کے حوالے سے خلیجی ممالک سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی ہے۔وزیر اعظم نواز شریف دو روزہ دورے پر قازقستان کے دار الحکومت آستانہ میں موجود ہیں، وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم نوازشریف نے آستانہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سفارتی سطح پر معاملات حل کرانے کی کوشش کرے گا،پاکستان کے لیے سعودی عرب، قطر اور ایران سب کیساتھ تعلقات اہم ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان خلیجی ملکوں کے تعلقات بہتر کرنے میں ثالثی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ قازقستان کے فوری بعد قطر اور کویت کے دورے کا امکان ہے۔ایس سی او کے سربراہ اجلاس کے دوران پاکستان کو تنظیم کی مکمل رکنیت دی جائے گی ۔وزیر اعظم نے قازقستان اور ازبکستان کے صدور سے ملاقات بھی کی،جبکہ افغان صدر اشرف غنی سے ان کی ملاقات آج ہوگی، تاہم اس ملاقات کے وقت کا تعین ابھی نہیں ہوا ہے۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کاامکان نہیں ہے.