Get Alerts

مودی آج ’سرینڈر مودی‘ بن چکا ہے، دنیا نے سچ اور جھوٹ کا فرق دیکھ لیا: عطاء اللہ تارڑ

 مودی آج ’سرینڈر مودی‘ بن چکا ہے، دنیا نے سچ اور جھوٹ کا فرق دیکھ لیا: عطاء اللہ تارڑ

لاہور :وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کا بیانیہ سچ پر مبنی تھا، جب کہ بھارت کی چالیں ناکام ہو گئیں اور نریندر مودی آج "سرینڈر مودی" بن چکا ہے۔

عطاء تارڑ نے لاہور کے حلقہ پی پی 163 میں پارٹی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عید ملن پارٹی میں شرکت کی اور پارٹی رہنماؤں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر بی بی وڈیری اور میاں عمران جاوید نے ان کا استقبال کیا۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں اللہ نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ اُن کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کے باعث پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو دن کی روشنی میں ناکام بنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب رہیں، اور سعودی عرب، ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کے دوروں میں پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے سچ ثابت ہوا۔


عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت سفارتی محاذ پر تنہائی کا شکار ہے، اور نہ صرف جنگ ہارا بلکہ عالمی سطح پر پروپیگنڈا بھی بے نقاب ہو گیا۔ "دنیا نے بھارتی جھوٹ پر مبنی بیانیے کو مسترد کر دیا، اب دنیا پاکستان کی عسکری طاقت کو تسلیم کر چکی ہے۔"


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان عسکری لحاظ سے پہلے ہی ایک مستحکم ملک بن چکا ہے، اب ہمیں معاشی میدان میں بھی دنیا میں مقام بنانا ہے۔ "ہماری آئندہ ترجیحات میں معاشی استحکام اور ترقی سرِ فہرست ہوں گی۔"

ٹیگز: