پیانگ یانگ: چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے دورۂ شمالی کوریا کے دوران شمالی کوریا اور اس کے رہنما کم جونگ اُن کے لیے بیجنگ کی “غیر متزلزل” حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ اپنی اہلیہ پینگ لی یوان کے ہمراہ 2019 کے بعد پہلی بار شمالی کوریا کے سرکاری دورے پر پیانگ یانگ پہنچے، جہاں ائیرپورٹ پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور ان کی اہلیہ ری سول جو نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران چینی صدر نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے مؤقف پر قائم رہے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جن میں خارجہ پالیسی، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دفاعی شعبہ شامل ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ سطحی روابط اور مختلف سطحوں پر تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکیں۔
یہ دورہ رواں سال چینی صدر کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جو ایسے وقت میں ہوا ہے جب وہ حال ہی میں بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔