بیجنگ : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اقتصادی تعاون اور سی پیک منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) ان کی بصیرت افروز قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور دونوں ممالک کی دوستی عوامی سطح پر بھی انتہائی مضبوط ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کو نہ صرف ایک دوست بلکہ ایک قابلِ اعتماد شراکت دار سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان کے ساتھ چین کی دوستی کو وقت کی کسوٹی پر پورا اُترنے والا رشتہ قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے دیگر پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی۔