نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی پارلیمنٹ کی رکن کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ فلموں میں خواتین کو طویل عرصے سے غیر مناسب انداز اور محدود کرداروں میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنیما میں اکثر خواتین کی عکاسی غیر منصفانہ اور سخت گیری پر مبنی انداز میں کی جاتی ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر منظر یا کردار کو الگ کرکے دیکھنا یا سوشل میڈیا پر بلاوجہ غصے کو بڑھانا بھی درست نہیں۔
اداکاری سے سیاست میں آنے والی 40 سالہ کنگنا رناوت نے اعتراف کیا کہ سیاسی زندگی میں انہیں اکثر یہ احساس ہوتا ہے کہ کہیں وہ حد سے زیادہ اداکاری کے انداز میں تو نہیں جا رہیں، اور کبھی کبھار انہیں یہ فکر بھی لاحق ہوتی ہے کہ وہ ایک سیاست دان کے مقابلے میں زیادہ ایک اداکارہ کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔
فلمی صنعت میں خواتین کے کرداروں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مرکزی دھارے کے سنیما میں خواتین کو بااختیار اور گہرے کردار دینے کے باوجود اب بھی بعض اوقات انہیں جسمانی یا سطحی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو صرف فلموں میں ہی نہیں بلکہ روزمرہ زندگی میں بھی مختلف سطحوں پر غیر مناسب رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں پر خواتین کو اکثر نامناسب حالات کا سامنا ہوتا ہے، اس لیے صرف فلم انڈسٹری کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔