ملتان میں انوکھی اورمہنگی ترین شادی شہری حیران

ملتان میں انوکھی اورمہنگی ترین شادی شہری حیران

ملتان: کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا ۔ انسان جس چیز کا شوق ہوتا ہے اگر موقع ملے تو وہ ضرور کرتاہے ۔ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملا ملتان کے اندرون علاقے میں ہونے والی انوکھی شادی میں ۔ملتان میں اپنی نوعیت کی انوکھی شادی ہوئی جس میں (ن) لیگ کے چیرمین نے اپنے بھتیجے کی شادی پر پیسہ پانی کی طرح بہایا اور دُلہا بھی سونے میں لدا ہوا تھا۔

اشرف آباد میں (ن) لیگ کے یونین کونسل چیرمین شیخ ندیم اکبر نے اپنے بھتیجے عرفان کی شادی پر نہ صرف پیسہ پانی کی طرح بہایا بلکہ اس شادی میں ایسی انوکھی چیزیں بھی دیکھنے میں آئیں جنہیں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

شادی کے لیے دُلہے کی بارات اس دھوم دھام سے گئی کہ دُلہے کی کرسی شیر کے پنجرے کے اوپر رکھی گئی تھی جس پر دُلہا میاں براجمان تھے جب کہ دُلہے نے سرپر سونے کا تاج سجایا ہوا تھا اور شیروانی بھی سونے سے لدی ہوئی تھی۔

اس مہنگی شادی میں ہزاروں افراد کو مدعو کیا گیا اور باراتیوں نے شادی میں پیسے کی بارش کردی جب کہ موسیقی کے لیے سائیں ظہور نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

شادی میں جہاں دُلہا والوں نے پیسہ پانی کی طرح بہایا وہیں دُلہن والے بھی کسی سے پیچھے نہ تھے انہوں نے اپنی بیٹی کو 5 کروڑ کا جہیز دیا جس میں گاڑی، دُلہے کے بھائیوں کے لیے موٹر سائیکل اور سونے کی 3 درجن انگوٹھیاں تھیں۔