احمد آباد : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ فائنل کا سب سے بڑا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارتی بلے بازوں نے کیوی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو بھارتی ٹاپ آرڈر نے مکمل طور پر غلط ثابت کر دیا۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،سنجو سیمسن،46 گیندوں پر 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ایشان کشن، محض 24 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا،ابھیشک شرما، 21 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔شیوام دوبے: 26 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
بھارت نے فائنل کے لیے اپنی فاتح ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ نیوزی لینڈ نے اسپنر کول میک کونکی کی جگہ فاسٹ بولر جیکب ڈفی کو شامل کیا۔پورے ٹورنامنٹ میں بھارت کو صرف جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سیمی فائنل میں انہوں نے انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دی۔
کیویز کو گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ اور سپر 8 میں انگلینڈ سے ہارنا پڑا، تاہم سیمی فائنل میں انہوں نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔