عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

ریاض: وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں میں وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ۔

اس سے پہلے سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا ۔ جدہ کے کرہ ارض چوک پر پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم لگائے گئے ۔

خاتون اول بشریٰ بی بی ، کے پی اور سندھ کے گورنرز ، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔

معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے نیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئی جہتیں لے کر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلامو فوبیا اور دیگر عالم اسلام کے مسائل پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے ۔

واضح رہے کہ عمران خان مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کے لیے جائیں گے ، مدینہ منورہ روضہ رسول ﷺپر حاضری بھی دیں گے ۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جدہ میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات ہوئی ، جس میں وزیرخارجہ نے شاہ سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی ترقی کو سراہا۔ وزیرخارجہ نے دو طرفہ معاونت اور عالمی سطح پر سعودی تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

دونوں وزرا نے تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ، ملاقات میں سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کریں گے ۔

شاہ محمود قریشی نے دو طرفہ عوامی رابطوں کے فروغ اور سفری مشکلات کے ازالے پر زور دیا ۔ وزیرخارجہ نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں اور افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔