Get Alerts

موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر ، آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کاحکم

موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر ، آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کاحکم

لاہور: پاکستان کی موجودہ سرحدی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

اپنے بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور موجودہ حالات میں سیکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی جی صاحب نے واضح کیا کہ آپریشنل، اسٹریٹیجک اور لاجسٹک تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق بین الصوبائی سرحدوں پر قائم پولیس چیک پوسٹس اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے صوبے کے تمام پولیس افسران بشمول آر پی اوز، ڈی پی اوز کو وار بک کے مطابق ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ٹیگز: