لاہور : پنجاب میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ مشقیں لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، چکوال، سرگودھا، نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان، پاکپتن، مظفرگڑھ، لیہ، وہاڑی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان مشقوں کی قریبی نگرانی کرے تاکہ تیاریوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔ مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال میں فوری اور منظم ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔
ریسکیو 1122 نے بھی مختلف شہروں میں اپنی فرضی مشقیں شروع کر دی ہیں، جن کا مقصد جان بچانے، خطرے سے بچاؤ اور فوری امدادی کارروائیوں کی تیاری کو جانچنا ہے۔ پنجاب حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہمہ وقت تیار رہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے سول ڈیفنس متحرک کردار ادا کرے گا۔
یہ اقدامات بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی شب شہری علاقوں پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ فضا کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔