Get Alerts

پاکستان نے 12 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا ، 1 شہری شہید ،4 جوان زخمی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان نے 12 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا ، 1 شہری شہید ،4 جوان زخمی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں اور بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 7 اور 8 مئی کی رات بھارت نے دوبارہ جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 ہیرب ڈرونز پاکستان کی سرحدوں کی طرف بھیجے۔ تاہم پاک فوج کے چوکنا اہلکاروں نے ان ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈرونز لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی کے قریب گرائے گئے ہیں۔ لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے جبکہ میانو، سندھ میں ایک شہری شہید ہوگیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نےمزید  کہاہے  کہ بھارت کی طرف سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنا ایک سنگین معاملہ ہے اور پاکستان کی مسلح افواج نے رات کے وقت بھی بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے بھارت کے ڈرون حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مساجد اور شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور پاک فوج ہر قسم کی جارحیت اور جنونیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کو یہ دیکھنا چاہیے کہ بھارت خطے اور دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور اس کی جنونیت نے خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پہلے بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا جب اس کے 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایل او سی پر بھی بھارت کو بھاری جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا، بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کا عمل جاری ہے، افواج پاکستان بھارتی ڈرونز کو ایک ایک کر کے ناکارہ بنا رہی ہیں۔

ٹیگز: