Get Alerts

معرکہ حق : بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 11 جوان شہید، 78 زخمی ہوئے ، آئی ایس پی آر

معرکہ حق : بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 11 جوان شہید، 78 زخمی ہوئے ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے معرکہ حق کے دوران شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 11 جوانوں نے وطن کے دفاع کے دوران جام شہادت نوش کیا، جبکہ دشمن کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی ہوئے۔

شہداء میں آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔ ان میں نائیک عبدالرحمان، نائیک وقار خالد، لانس نائیک دلاور خان، اکرم اللہ، سپاہی عدیل اکبر اور نثار شامل ہیں۔ پاک فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشین اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، سینئر ٹیکنیشین مبشر اور کارپورل ٹیکنیشین فاروق شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 6 اور 7 مئی کو بلا اشتعال حملے شروع کئے، جن میں 40 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل تھے۔ بھارتی حملوں کے نتیجے میں 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 27 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، اور ان کی عظیم قربانی محب الوطنی اور جذبہِ شہادت کی شاندار مثال ہے۔ ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جا رہی ہے۔ مزید کہا گیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے سامنے پُرعزم ہے، اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ٹیگز: