راولپنڈی: پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرائے گئے بھارتی جاسوس اور حملہ آور ڈرونز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ سب اسرائیل میں بنے ہوئے "ہیروپ" ڈرونز تھے، جنہیں بھارت نے پاکستان پر حملوں کے لیے استعمال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو پاک فوج نے جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی مدد سے کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔ ان ڈرونز کا ملبہ ملک کے مختلف علاقوں سے جمع کیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف اسرائیلی دفاعی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے 6 مئی کی رات بزدلانہ حملہ کیا، جس میں اس کے اپنے کئی جدید جنگی طیارے، ڈرونز اور پوسٹیں تباہ ہوئیں، اور بھارتی فوج کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ اس کے بعد بھارت نے بدحواسی میں آ کر ان خودکش ڈرونز کے ذریعے مزید حملے شروع کیے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی یہ حرکتیں اس کی بوکھلاہٹ اور ناکامی کو ظاہر کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔