اسلام آباد: بھارت کی طرف سے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کی کوششیں دوسرے روز بھی جاری رہیں، تاہم پاک فوج نے صبح سے اب تک مزید 48 ڈرونز مار گرائے ہیں، جس کے بعد کل رات سے اب تک گرائے گئے ڈرونز کی تعداد 77 ہوگئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے 4 جدید اسرائیلی ہیروپ ڈرونز کو اوکاڑہ کینٹ کے علاقے میں آبادی سے کچھ فاصلے پر فصلوں میں گرایا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک کو پاکپتن میں تباہ کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا جبکہ کل رات سے آج دن تک مزید 48 ڈرونز تباہ کر دیئے گئے ہیں جس کے بعد گرائے گئے مجموعی ڈرونز کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر نظر میں تھے، اور پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم اتنا جدید اور مستعد ہے کہ چھوٹے سے چھوٹے ڈرون کو بھی فوری طور پر ٹریک کر کے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ شہری علاقوں اور فضائی حدود کی حساسیت کے باعث ہر کارروائی ایک مکمل آپریشنل طریقۂ کار کے تحت انجام دی جاتی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کی ٹیکنالوجی کو بار بار ناکام بنا رہا ہے، جو ملکی خودمختاری کے تحفظ کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 29 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا تھا، جس سے اب تک دو روز میں مجموعی طور پر 35 ڈرونز تباہ کیے جا چکے ہیں۔