Get Alerts

ایران کی مثبت پیشکش مذاکرات کی راہ کھول سکتی ہے: امریکی وزیر خارجہ

ایران کی مثبت پیشکش مذاکرات کی راہ کھول سکتی ہے: امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا کو امید ہے ایران کی جانب سے سنجیدہ اور مثبت تجاویز سامنے آئیں گی، جو دونوں ممالک کے درمیان بامقصد مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔

عالمی امور سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مارکو روبیو نے بتایا کہ پوپ لیو کے ساتھ ہونے والی ملاقات خوشگوار اور تعمیری رہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کیوبا میں مزید امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم کیوبا کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو افواج کی تعیناتی سے متعلق حتمی فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے، جبکہ نیٹو میں اصلاحات کے حوالے سے منصوبہ پہلے ہی زیر غور تھا۔

ایران اور امریکا کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کو ایران کی جانب سے تجاویز پر ردعمل موصول ہونے کی توقع ہے، تاہم تاحال کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا۔

مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ ایران کی طرف سے ایسی تجاویز پیش کی جائیں گی جن کے ذریعے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “آپریشن فریڈم” اور “آپریشن ایپک فیوری” الگ نوعیت کے مشنز ہیں، جبکہ جنگ بندی کے باوجود دفاعی اقدامات کا حق برقرار رہتا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکی مفادات کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے یا اہم بحری راستوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مارکو روبیو نے یہ بھی کہا کہ امریکی بحری جہازوں پر حملوں کے بعد امریکا نے مؤثر کارروائی کی تھی اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔
 
 
 

ٹیگز: