فیصل آباد: جنوبی افریقہ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کے سامنے 144 رنز کا ہدف رکھا ہے۔
یہ میچ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے ابرار احمد کی شاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقی ٹیم صرف 143 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، اور اس کے 37.5 اوورز مکمل ہوئے۔
دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار سنچری بنانے والے کوئنٹن ڈی کوک نے اس میچ میں 53 رنز بنائے۔ یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 رنز اسکور کیے، جبکہ پیٹر ملان اور میتھیو بریٹزکے نے بالترتیب 16، 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین آفریدی، سلمان آغا اور محمد نواز نے ہر ایک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔