بغاوت کے الزام کا کیس:سابق وزیر اعظم نوازشریف لاہور ہائیکورٹ پیش،سماعت 12اکتوبر تک ملتوی

بغاوت کے الزام کا کیس:سابق وزیر اعظم نوازشریف لاہور ہائیکورٹ پیش،سماعت 12اکتوبر تک ملتوی
کیپشن: سکرین شاٹ

لاہور:حلف کی پاسداری نہ کرنے پربغاوت کے ا لزام کے کیس کی سماعت کے لئے سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی لاہور ہائیکورٹ  پیش ہوئے جبکہ سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق متنازعہ انٹرویو کے معاملے میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور صحافی سرل المیڈا لاہور ہائیکیورٹ میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف حلف کی پاسداری نہ کرنے کے الزام میں دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا میاں نواز شریف کہاں ہیں ؟ جس پر سابق وزیراعظم نے کرسی سے کھڑے ہوکر کو جواب دیا میں ادھر ہوں۔ عدالت نے مزید کارروائی ضمنی الیکشن کے بعد تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لیتے ہوئے ان کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا، سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاضری یقینی بنانے کیلئے جاری کیے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور سرل المیڈا تحریری جواب داخل کریں، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کی حاضری نوٹ کریں۔

عدالت نے استفسار کیا اٹارنی جنرل پاکستان کہاں ہیں، سرکاری سطح پر اس حوالے سے کوئی کارروائی کی گئی، یہ حساس معاملہ ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں طلب کرلیا۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر درخواست میں نواز شریف کے متنازع انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے اور نشاندہی کی گئی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ عدالت نے معروف صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔