Get Alerts

8 اکتوبر زلزلے کی 20ویں برسی :ہم اُن تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، صدر آصف زرداری

8 اکتوبر زلزلے کی 20ویں برسی :ہم اُن تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، صدر آصف زرداری

اسلام آباد :  صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ مضبوط، متحد اور پُرعزم ہو کر ایک روشن مستقبل کی جانب بڑھی۔

زلزلے کی 20ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم اُن تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ قوم نے مشکلات سے گھبرانے کے بجائے انہیں ایمان، اتحاد اور جدت کے ساتھ عبور کیا۔”

صدر زرداری نے کہا کہ اصل طاقت مشکلات سے بچنے میں نہیں بلکہ اُن کا سامنا کرنے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ اجتماعی تیاری اور مضبوط ادارہ جاتی نظام کتنا ضروری ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں رواں سال آنے والے تباہ کن مون سون سیلاب کا بھی ذکر کیا، جس سے زراعت، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے شعبوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک اب خطے کے بہترین ماڈلز میں شمار ہوتا ہے، تاہم بار بار آنے والی آفات اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ تیاری کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے اور تمام طبقات کو اس عمل میں شریک کیا جائے۔

صدر مملکت نے تمام اداروں، سول سوسائٹی اور حکومتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے اور متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ “اللہ تعالیٰ ہمیں ایک محفوظ، مضبوط اور مستحکم پاکستان بنانے میں اپنی رہنمائی عطا فرمائے۔”

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی

دریں اثنا، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کا دن پاکستانی تاریخ کا ایک دکھ بھرا مگر حوصلہ افزا باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ “اس سانحے میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں، لیکن قوم نے ہمت، صبر اور اتحاد کے ساتھ آفت کا مقابلہ کیا۔ امدادی سرگرمیوں میں عوام، افواجِ پاکستان، ریسکیو اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں نے شاندار کردار ادا کیا۔”

محسن نقوی نے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیں انسانیت، خدمت اور ایثار کا پیغام دیتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جدید نظام اور فوری ردِعمل کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ مستقبل میں کسی بھی سانحے کا بروقت اور مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔

ٹیگز: