لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک افغان سرحد پر خوارج کے بزدلانہ حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاک افواج کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ "سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نے پلک جھپکتے ہی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔"
مریم نواز نے مزید کہا کہ "خوارج، ان کے ہینڈلرز اور سپورٹرز پہلے بھی ذلیل ہوئے ہیں اور اب بھی ذلیل ہوں گے۔" انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور خوارج اور ان کے ہینڈلرز کا ہر وار الٹا پڑے گا، کیونکہ پاکستان کی سرزمین کا ہر ذرا "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" بن کر لڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی جغرافیائی حدود ہماری ریڈ لائنز ہیں، جو بھی انہیں کراس کرے گا وہ ذلیل و رسوا ہوگا۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اور فوج کا ہر جوان پاکستان کے وقار کا نگہبان ہے اور پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے بڑی غلطی کر رہے ہیں۔مریم نواز نے آخر میں کہا، "ہم مٹ جائیں گے مگر اپنی پاک سرزمین کی آبرو پر حرف نہیں آنے دیں گے۔"