اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر کے احتجاج کیس میں جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سماعت میں علیمہ خان پر آج فردِ جرم عائد کی جانی تھی، لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے 11 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
اسی مقدمے میں دیگر چھ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے، مگر انہوں نے اپنے خلاف الزامات قبول نہیں کیے۔ علیمہ خان پر فردِ جرم عائد کرنے کی نئی تاریخ بھی 11 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔